جموں، 14جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ نے آج ضلع جموں کی بین الاقوامی سرحد پر واقع علاقوں کا پارٹی لیڈرو ں کے ساتھ دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے کئی وفود سے ملاقات کی جن میں بیشتر کسان اور ورکنگ کلاس کے لوگ شامل تھے۔ ان لوگوں نے سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری سے حفاظت فراہم کرانے کی درخواست کی۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستان سے ملحق بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ سپریم کورٹ میں یہ معاملہ اٹھائیں گے اور عدالت سے درخواست کریں گے کہ وہ حکومت ہند کو ہدایت کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد تمام ممکن مدد اور حمایت فراہم کرے جن میں سرحد پار سے ہونے والی گولی باری سے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات شامل ہوں۔ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے وفود نے جموں وکشمیر میں ہندوستانی نافذکرنے کامطالبہ کیاتاکہ اس ریاست میں رہنے والے افرادکوبھی باقی دیگر ہندوستانی شہریوں کی طرح عزت و وقار کے ساتھ رہنے اور تمام بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں نیز ملک کاآئین اورپرچم یکساں ہو۔خیال رہے کے جموں وکشمیر میں ہندستانی آئین نافذ نہیں ہوتا اسی وجہ سے وہاں کا آئین اورپرچم الگ ہے۔یہاں کے لوگ 1950سے ہی بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔